Sunday, 11 April 2021

Abhi Pehli Muhabbat ( Just first love )

نظم

ابھی پہلی محبت کے

بہت سے قرض باقی ہیں

ابھی پہلی مسافت کی

تھکن سے چور ہیں پاؤں

ابھی پہلی رفاقت  کا

ہر ایک گھاؤ سلامت ہے

ابھی مقتول  خوابو ں کو

بھی دفنایا نہیں ہم نے

ابھی آنکھیں ہیں عدت میں

ابھی یہ سوگ کے دن ہیں

ابھی اِس غم کی کیفیت سے

باہر کس طرح آئیں

ابھی اِس غم کو بھرنے  دو

ابھی کچھ دن گذرنے دو

یہ غم کے نیلگوں دریا

اُتر جائے تو سوچیں گے

ابھی یہ زخم تازہ ہیں

یہ بھر جائیں تو سوچیں گے

دوبارہ کب اُجڑنا ہے۔۔؟؟؟ 




 

Friday, 9 April 2021

Teray sewa kissi ko ( I don't know but only you )

غزل


تیرے سوا کسی کو پہچانتا نہیں

دِل میرا ہو کے مری مانتا نہیں


یہ آرزو ہے دِل کی تجھے دیکھتا رہے

مطلب ہے کیا ہنسی کا تری جانتا نہیں


دیوانگی میں بھول گیا اپنے آپ کو

اپنا پرایا کون ہے پہچانتا نہیں


جب سے ہوئی تم سے محبت تو دِل مرا

باتوں کا اب کسی کی بُرا مانتا نہیں


مدہوش رہتا ہے ترے جانے کے بعد بھی

کاؔوش اثر شراب کا کیا جانتا نہیں  


محمد حسین کاؔوش




 

Thursday, 8 April 2021

Libaas tan say ( Take off your clothes )

 نظم

لباس تن سے اُتار دینا

کسی کو بانہوں کے ہار دینا

پھر اُسکے جذبوں کو مار دینا

اگر محبت یہی ہے جاناں

تو معاف کرنا مجھے نہیں ہے

گناہ کرنے کا سوچ لینا

حسین پریاں دبوچ لینا

پھر اُسکی آنکھیں ہی نوچ لینا

اگر محبت یہی ہے جاناں

تو معاف کرنا مجھے نہیں ہے

کسی کو لفظوں کے جال دینا

کسی کو جذبوں کی ڈھال دینا

پھر اُسکی عزت اُچھال دینا

اگر محبت یہی ہے جاناں

تو معاف کرنا مجھے نہیں ہے

اندھیر نگری میں چلتے جانا

حسین کلیاں مسلتے جانا

اور اپنی فطرت پہ مسکرانا

اگر محبت یہی ہے جاناں

تو معاف کرنا مجھے نہیں ہے۔







 

Sunday, 4 April 2021

Apni Pasand chore di ( Left your choice )

غزل

اپنی پسند چھوڑ دی اُس کی خرید لی

ورثے کا کھیت بیچ کے کوٹھی خرید لی


اک عمر اپنے بیٹوں کو انگلی تھمائی پھر

بوڑھے نے اک دکان سے لاٹھی خرید لی


ویسے تو نرخ کم ہی تھے گندم کے اس برس

آئی تھی تیرے گاؤں سے، مہنگی خرید لی


ہم دوستوں کے پیار میں ہم رنگ ہیں لباس

اور لوگ کہہ رہے ہیں کہ وردی خرید لی


تصویر اپنی خود ہی مصور کو بھا گئی

خود گیلری میں پیش کی خود ہی خرید لی


اے ہجر زاد تم کو بھی ہے آرزوئے وصل

اے دشت زاد تم نے بھی کشتی خرید لی


پارس مزاری



 

Poor seller

مفلس جو اپنے تن کی قبا بیچ رہا ہے واعظ بھی تو ممبر پے دعا بیچ رہا ہے دونوں کو درپیش مسائل اپنے شکم کے وہ اپنی خودی اپنا خدا بیچ رہا ہے